کراچی (نمائندہ خصوصی ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے وژن پر عملدرآمد کرتے ہوئے حکومت سندھ شہر کے انفرااسٹرکچر کی تعمیر و ترقی کے لئے دن رات کوشاں ہے،شہرکراچی کے باسیوں کو ہر شعبہ میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ان کی ٹیم انتھک محنت کررہے ہیں جس کے اثرات نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیربلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے 18کلو میٹر طویل شاہراہ فیصل کی تزئین و آرائش کے منصوبہ کی سنگ بنیاد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ شاہر اہ فیصل کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کے لئے جدید طرز کی بنیاد پر تزئین و آرائش کی جائے گی جس کے باعث نہ صرف شہر کراچی کا مثبت امیج دنیا میں نمایاں نظر آئے گا بلکہ سیاحوں سمیت شہری ایئرپورٹ سے شاہراہ فیصل پر سفر کرنے کے دوران شہر کے خوبصورت مناظر سے محضوظ ہوسکیں گے۔ ایئرپورٹ سے میٹروپول تک 18کلومیٹر طویل شاہراہ کی تزئین وآرائش کے لئے سوک ایجنسیز کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کی تعمیر و ترقی کا عمل جاری ہے اور حکومت سندھ نے کامیابی سے مختصر مدت میں بیشتر منصوبہ مکمل کئے ہیں جبکہ شہر کی 400 سے زائد چھوٹی بڑی سڑکوں کی مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔