لاہور( بیورورپورٹ )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے آرٹیکل 6 کا دروازہ کھلتا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے نے عمران خان کے جھوٹ کا خاتمہ اور ان کے بیانیے کو بھی دفن کر دیا، انشااللہ پارلیمنٹ فیصلہ کرے گی جنہوں نے ملک آئین و قانون کی دھجیاں اڑائیں اس کا تدارک ہوگا،ڈپٹی سپیکر نے تحریک عدم اعتماد پر غیر آئینی رولنگ دی ،آرٹیکل 6 پر کمیشن بنانے کی ضرورت پڑی تو ضرور بنائیں گے ، عمران خان کا سب کچھ ان کی ذات کے گرد گھومتا ہے ،یہ وہ شخصہے جس نے عدم اعتماد میں چند منٹوں اور چند سیکنڈز تک تاخیر کرائی تاکہ وزیر اعظم رہ سکے ،اور ان کی اتحادی جماعتوں نے ان کے رویے کی وجہ سے انہیں چھوڑا ،عمران خان فرح گوگی کی کرپشن کے حصہ دار ہیں ،مالم جبہ، بلین ٹریزسمیت تمام کرپشن کے کیسز کھلیں گے لیکن اس وقت ہماری توجہ عوام کو ریلیف دینے پر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے جے یو آئی (ف)کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان اوردیگر قائدین کے ہمراہ دھرمپورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ جے یو آئی کے رہنماﺅں نے اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا ۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان اور ان کی جماعت کے شکر گزار ہیں کہ ان کے لوگ ہمارے ساتھ ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم چلا رہے ہیں ،پی ڈی ایم اور پیپلزپارٹی والے ہمارے ساتھ چل رہے ہیں ، ان ش اللہ 17جولائی کو بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد آنے پر عمران خان کو عزت سے چلے جانا چاہیے تھا لیکن شاید ان کے ہاں عزت کا کوئی پاس نہیں ہے ، سپریم کورٹ کے فیصلے سے اب ایک دروازہ کھل گیا ہے، اب کمیشن بنانا پڑا یا کوئی اور لائحہ عمل بنانا پڑا تو وہ بنائیں گے ،ایک ریفرنس سپیکر کے پاس ہے کہ عمران خان نے پہلے توشہ خانے سے چیزیں لے کر بیچیں اور پھر پیسے جمع کروائے ،کیا کبھی تحائف بھی بیچے جاتے ہیں ،کم ظرف لوگ تحفے بیچتے ہیں ،فرح گوگی کے ذریعے گھڑی دبئی میں بیچی گئی ،ان کی ٹیکس ریٹرنز کے مطابق انہوں نے ایک کروڑ روپے ٹیکس جمع کروایا ،کتنے افسوس اور شرمندگی کی بات ہے کہ برادر دوست ملک کی دی ہوئی گھڑی دبئی میں بیچی گئی تو انہوں نے وہ واپس منگوا لی ،توشہ خانہ کا جواب دینا پڑے گا، گوگی بی بی کی طاقت بنی گالہ سے ملتی تھی کہ پیسے بنالیں ،عمران خان فرح گوگی کی کرپشن کے حصہ دار ہیں ،ابھی تو بی آر ٹی، مالم جبہ چینی و ادویات کا سکینڈل بھی کھلے گا ۔
انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہوئیں تو شہبازشریف نے عوام کو ریلیف دینے کااعلان کر دیا،عوام کو ریلیف پر عمران خان الیکشن کمیشن جانا چاہتے تو جا سکتے ہیں، کیونکہ انہوں نے پہلے عوام کو مفت بجلی پر بھی حکم امتناعی لے رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ عمران خان دور کے معاہدے پر ہمیں عملدرآمد کرنا پڑا جس کی وجہ سے مہنگائی ہوئی ،عمران خان چینی کی برآمد اور درآمد میں ملوث تھے ان کے وزرا ءکو پہلے ہفتے میں ہی جیل میں ہونا چاہیے تھا ،یہ کہتے کچھ اور کرتے کچھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کو 17 جولائی کا ضم نی انتخاب جیت کر دکھائیں گے ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہم آرٹیکل 6 کے معاملے پر آئین اور قانون کے مطابق چلیں گے ،شاید کوئی تحقیقاتی کمیشن بنانا پڑا تو بنائیں گے ،عمران خان کا وقت پورا ہو گیا ہے ،چیف الیکشن کمشنر کے معاملے پر پرویز خٹک اور عمران خان کے دئیے ہوئے نام کو ہم نے قبول کیا تھا ،یہ ذاتیات پر اتر آتے ہیں، چیف الیکشن کمشنر ان کی غلیظ زبان اور الزامات کا جواب نہیں دے رہے جو اچھی بات ہے ،حالانکہ وہ تو ان کے خلاف ایکشن بھی لے سکتے ہیں،ہم لاہور کی 4 نشستوں سمیت پنجاب کی تمام 20 کی 20 نشستیں جیتیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اے این پی کا کا رکن بک گیا لیکن اے این پی بطور اتحادی ساتھ ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ ہم نے نیب اور ایف آئی اے کو نہیں کہا کہ عمران خان اور ان کی کابینہ وزرا ءکے خلاف کیسز بناکر جیل میں ڈال دیں، جو کرپشن انہوں نے کی اس پر قانون ضرور اپنا راستہ لے گا۔مولانا امجد خان نے کہا کہ ضمنی انتخابات کا مرحلہ قریب تر ہے جس میں کامیابی حاصل کریں گے ،پی ڈی ایم ایک تحریکی اتحاد ہے، یہ سیاسی یا انتخابی اتحاد نہیں ہے ، امید ہے کہ مستقبل میں یہ اتحاد انتخابی اتحاد بنے گا،مولانا فضل الرحمان کے حکم پر ہم یہ اعلان کر رہے ہیں کہ مسلم لیگ (ن)کے تمام امیدواروں کی نہ صرف حمایت کریں گے بلکہ ان کو ووٹ بھی دیں گے ۔