اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )سانحہ پولیس لائنز پشاور میں دھماکے کی مزید اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے جس کے مطابق ٹی این ٹی دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا جبکہ سکیورٹی اور انٹیلی جنس ادارے اس سانحہ میں ملوث نیٹ ورک تک بھی پہنچ گئے ہیں ، سکیورٹی ذرائع کے مطابق اس واقعہ میں 100 سے زائد پولیس اہل کار شہید اور150 سے زیادہ زخمی ہوئے تاہم اس واقعہ کے حوالے سے ہونے والی تحقیقات میں یہ بات سامنے آگئی ہے کہ پشاور دھماکے میں TNTدھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا خود کش بمبار نے مسجد کے پرانے حصے میں دھماکہ کیااور پرانے حصےّ میں کوئی پِلر موجود نہ تھا۔دیوار یں صرف اینٹوں کے سہارے کھڑی کی گئی تھیں،دھماکے کی وجہ سے دیواریں اور چھت گرنے سے زیادہ تر شہادتیں ہوئیں۔سکیورٹی حکام نے بتایا کہ خود کش بمبار اور نیٹ ورک کی تفصیلات بھی حاصل کر لی گئی ہیں اور اب نیٹ ورک تک رَسائی حاصل کی جا رہی ہے، خودکش حملہ اور کے سہولت کاروں کے حوالے سے بھی کامیابی حاصل ہوئی ہے اور جلد پیش رفت کا امکان ہے۔