کراچی(نمائندہ خصوصی) تھرکول بلاک ون میں چوریوں کی بڑھتی وارداتوں پر چینی کمپنی نے حکومت سندھ کو خط لکھ دیا۔چینی کمپنی کے چیئرمین مینگ ڈھونگ آئی نے چیف سیکرٹری سندھ کے نام خط میں لکھا کہ چوری کی وارداتوں میں مقامی نوجوان ملوث ہیں جبکہ قیمتی اسٹیل، الیکٹرک کیبل اور دیگر آلات چوری کرنے والوں کو پولیس سے چھڑوا لیا جاتا ہے۔چینی کمپنی کے چیئرمین نے اپنے خط میں لکھا کہ کچھ روز قبل بھی بجلی سپلائی کی ٹرانسمیشن لائن کو نقصان پہنچایا گیا۔خط میں چیئرمین کی جانب سے چیف سیکرٹری سندھ سے تھر کول بلاک ون کی باڑ سے 2 کلو میٹر تک غیر متعلقہ افراد کی آمدورفت پر پابندی عائد کرنے کی بھی گزارش کی گئی۔چینی کمپنی کے چیئرمین نے کہا کہ اگر چوریاں نہ رکیں تو مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوں گے۔