کراچی:
اسٹار آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کورونا وائرس سے صحت یاب ہوکر دوبارہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کا حصہ بن گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق شاہد آفریدی کووڈ 19 کا اینٹیجن ریپڈ ٹیسٹ منفی آنے کے بعد پھر سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل ہوگئے، اب وہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے میچز کھیلیں گے۔
شاہد آفریدی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد آئسولیشن میں چلے گئے تھے جہاں انہوں نے چند دن گزارے جس کے بعد اب ان کا کووڈ19 ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔
آل راؤنڈر کووڈ19 کا شکار ہونے کی وجہ سے پاکستان سپر لیگ سیزن 7 کے ابتدائی میچز میں دستیاب نہیں تھے، ان کی جگہ بائیں ہاتھ کے اسپنر حسان خان کو عارضی متبادل کی حیثیت سے اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔
دوسری جانب ٹیم مینجر اعظم خان کا کہنا ہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے جیسن رائے اور جیمز ونس بدھ کو ٹیم کا کا حصہ بن جائیں گے جبکہ نور احمد افغانستان کے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ مقابلوں کے بعد اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔