چیونگم کوئی جدید دور کی ایجاد نہیں بلکہ ہزاروں سال سے لوگ اسے مختلف شکلوں میں کھاتے رہے ہیں۔ پرانے زمانے میں چیونگم صنوبر کی قسم کے درخت (spruce) سے تیار کی جاتی تھی جس کا سائنسی نام Manilkara chicle ہے۔ تاہم آج کے دور میں اسے مصنوعی یا کیمیائی ربڑ سے تیار کیا جاتا ہے۔
چیونگم کا طبی فائدہ اکثر لوگ صرف مسوڑوں کی مضبوطی بتاتے ہیں حالانکہ فوائد صرف یہیں تک محدود نہیں۔ درجہ ذیل تحریر میں انہی فوائد سے قارائین کو آگاہ کیا جارہا ہے۔
1) ذہنی تناؤ میں کمی اور بہتر یادداشت
اس حوالے سے متعدد تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ کسی بھی کام کے دوران چیونگم چبانا دماغی افعال جیسے ہوشیاری، یادداشت، فہمی، اور قوتِ فیصلہ مزید بہتر ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ کچھ طلباء پر ایک ٹرائل کیا گیا جس میں دیکھا گیا کہ جو طالب علم 7 سے 19 دن کے عرصے میں چیونگم چباتے رہے، اُن میں ڈپریشن، گھبراہٹ اور ذہنی تناؤ کم تھا بنسبت جو چیونگم نہیں کھاتے تھے۔
اگرچہ ماہرین چیونگم کے ان دماغی اثرات کی وجہ جاننے سے قاصر ہیں تاہم اُن کا ماننا ہے کہ چیونگم چبانے کے نیتجے میں خون کی رفتار دماغ میں بڑھ جاتی ہے جس کی وجہ سے دماغی افعال بہتر طور پر کام کرتے ہیں۔
2) وزن میں کمی
جو لوگ وزن میں کمی کے خواہشمند ہیں، اُن کیلئے بھی چیونگم ‘مددگار’ ثابت ہوسکتی ہے کیونکہ چیونگم میں کیلوری بہت کم ہوتی ہے اور کچھ ریسرچ یہاں تک کہتی ہیں کہ چونکہ چیونگم بھوک کے احساس کو ختم کرتی ہے، لہٰذا زیادہ کھانا کھانے کی خواہش بھی نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ حیرت انگیز طور پر کچھ ایسے شواہد بھی ماہرین کو ملے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ چیونگم نظام تحول (metabolism) کو تیز کرتی ہے۔
3) دانتوں کی حفاظت اور سانسوں کی ناگوار بو
شوگر فری چیونگم کو چبانے سے آپ کے دانت خرابی سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔ عام چیونگم میں موجود شوگر منہ کے ضرررساں بیکٹیریاؤں کی غذا بن جاتی ہے جس سے جراثیم تقویت پاکر دانتوں کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ اسی طرح چیونگم منہ سے آنے والی ناگوار بو کو بھی ختم کرتی ہے۔ دن کا اکثر حصہ بغیر دانتوں کو صاف کیے اور کھانے پینے میں گزرتا ہے جس سے منہ میں ایک بو پیدا ہوجاتی ہے چیونگم یہ بو ختم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔