پاکستان کے مختلف شہروں میں ایک مرتبہ پھر بخار، جسم درد اور سر درد میں استعمال ہونے والی گولی پیناڈول کی قلت پیدا ہوگئی ہے جس کی کئی ایک وجوہات سامنے آئی ہیں۔
میڈیکل سٹورز کے مطابق کئی دنوں سے پینا ڈول کا نیا سٹاک ڈیلیور نہیں ہوا جس وجہ سے قلت پیدا ہوئی ہے۔
دوسری جانب ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) کے حکام کا کہنا ہے کہ دوائی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔ اس کا نوٹیفکیشن ہونا باقی ہے، اس وجہ سے بھی فروخت کنندگان نے عارضی قلت پیدا کی ہے جس کا تدارک کیا جا رہا ہے۔
میڈیکل سٹورز پر آنے والے گاہکوں کے مطابق پینا ڈول کا ایک پتا پہلے 20 روپے میں ملتا تھا اب 30 روپے میں مل رہا ہے یعنی پہلے جو گولی 2 روپے میں ملتی تھی اب وہ تین روپے میں مل رہی ہے جبکہ بعض میڈیکل سٹورز میں پینا ڈول دستیاب ہی نہیں ہے۔