لاہور : احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس کی گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کردیا، شہباز شریف نے حاضری معافی کی درخواست دائر کردی۔
رمضان شوگر ملز ریفرنس میں احتساب عدالت نے قرار دیا ہے کہ حمزہ شہباز کے بیان کی روشنی میں بریت کی درخواست پر کارروائی میرٹ کی بنیاد پر ہوگی۔
احتساب عدالت نمبر پانچ کے جج محمد ساجد علی نے گزشتہ سماعت کا تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ حمزہ شہباز نے بریت کی درخواست کے حوالے سے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔ فیصلے کے مطابق آئندہ سماعت پر وکلاء بریت کی درخواست پر میرٹ کی بنیاد پر دلائل دیں گے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے کرونا کا شکار ہونے پر حاضری معافی کی درخواست دائر کی ہے شہباز شریف کی درخواست کے ساتھ ٹیسٹ کی رپورٹ بھی لگائی گئی ہے لہٰذا شہباز شریف کی حاضری معافی کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔
عدالت کا اپنے تحریری فیصلے میں کہنا ہے کہ حمزہ شہباز کے بیان میں کہا گیا تھا کہ نیب آرڈیننس کی دوسری اور تیسری ترمیم کی بنیاد پر جو بریت کی درخواست زیر سماعت ہے اس پر ترمیمی آرڈیننس کی بنیاد پر مزید پیروی نہیں چاہتا بریت کی درخواست پر صرف میرٹ کی بنیاد پر کارروائی کی جائے۔