نئی دہلی : بھارتی پولیس کانسٹیبل کرپٹو کرنسی کے تاجر کو اغوا کرنے اور چار کروڑ ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی اور لاکھوں روپے نقد بطور تاوان مانگنے کے جرم میں گرفتار کرلیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر پونے میں پولیس کانسٹیبل نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ 38 سالہ تاجر کو اغوا کیا جس سے متعلق پولیس اہلکار کو گمان تھا کہ وہ بڑے پیمانے پر کرپٹو کرنسی کی تجارت کرتا ہے۔
کانسٹیبل دلیپ تکارم نے تاجر وینے نائک سے چار کروڑ ڈالر مالیت کی کرپٹو کرنسی اور آٹھ روپے نقد بطور تاوان مانگنے تاہم اگلے ہی روز بغیر وصول کیے پولیس کانسٹیبل نے مغوی کو رہا کردیا۔
رپورٹ کے مطابق دلیپ تکارم کو اطلاع ملی تھی کہ تاجر کو اغوا کرنے سے متعلق پولیس کو شکایت موصول ہوئی ہے اور وہ تکارم اور اس کے ساتھیوں کا تعاقب کررہی ہے۔
خیال رہے کہ رواں ہفتے بھارتی حکومت نے مرکزی بینک کے تعاون سے کرپٹو کرنسی کو قانونی حیثیت دیتے ہوئے ڈیجیٹل روپیہ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے اور کرپٹو کرنسی سے کمائے گئے منافع پر 30 فیصد ٹیکس بھی عائد کیا گیا ہے۔