گزشتہ دو ہفتے کے دوران ہوٹل سے اسٹیڈیم اور اسٹیڈیم سے واپس ہوٹل تک محدود لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں کے لیے اس وقت روٹین تبدیل ہوئی جب کراچی کے مقامی کلب میں کھلاڑیوں کے لیے ٹیم ڈنر منعقد کیا گیا۔
پاکستان سپر لیگ سیون میں مختلف ٹیموں کے کرکٹرز بائیو سکیور ببل میں ہیں جس کی وجہ سے ان کی روٹین ٹیم ہوٹل سے اسٹیڈیم اور اسٹیڈیم سے ٹیم ہوٹل تک محدود ہے تاہم جمعرات کو لاہور قلندرز کے کھلاڑیوں کے روٹین میں تبدیلی آئی جب انہیں ڈیفنس میں ایک گالف کلب، ٹیم ڈنر کے لیے جایا گیا، ڈنر میں کھلاڑیوں نے خوشگوار موڈ میں وقت گزارا اور ریلیکس ہوئے، اس دوران کھلاڑی ایک دوسرے کے ساتھ شرارت بھی کرتے رہے۔
ڈنر کا انتظام پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیموں کی درخواست پر کیا تھا جس کے لیے مقامی گالف کلب میں بائیو سکیور ماحول بنایا گیا تھا۔
اس ہی دوران فخر زمان اور محمد حفیظ کے درمیان پشاور زلمی کے خلاف میچ میں ڈراپ ہونے والے کیچ پر بھی دلچسپ جملوں کا تبادلہ خیال ہوا جسے پوری ٹیم نے انجوائے کیا۔
بدھ کو دونوں پلیئرز کے درمیان مکس اپ کی وجہ سے پشاور زلمی کے حیدر علی کا کیچ ڈراپ ہوا تھا۔
اس ڈراپ کیچ پر بات کرتے ہوئے فخر اور حفیظ کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا، فخر نے حفیظ سے کہا کہ وہ اپنی غلطی تسلیم کرتے ہیں پھرقہقہہ لگاتے ہوئے کہا کہ حفیظ بھائی آپ نے بالکل کہا تھا کہ ہاں میرا کیچ ہے مگر میں نے دل میں بولا تھا کہ، مائی ٹرن ، جس پر ٹیم کے تمام ممبران نےقہقہہ لگایا۔