پنجاب کار ڈیلرز اور وزیر ایکسائز کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے بعد مطالبات پورے نہ ہونےکی صورت میں کار ڈیلرز نے 10 فروری کوملک گیر ہڑتال کی دھمکی دے دی۔
صدر کار ڈیلرز فیڈریشن شہزادہ سلیم اور دیگر نے صوبائی وزیر ایکسائز حافظ ممتاز سے مذاکرات میں نشاندہی کی کہ محکمہ ایکسائز کے وضع کردہ نظام سے گاڑیوں کی خرویدو فروخت میں مشکلات پیش آرہی ہیں لہٰذا اسلام آباد کی طرز کا بائیو میٹرک نظام لایا جائے۔
وزیر ایکسائز حافظ ممتاز کا کہنا تھا کہ بائیو میٹرک سسٹم کا مقصد مسائل کم کرنا ہے ،نیا سسٹم کوئی بھی ہو کچھ مسائل کا سامنا رہتا ہے، کارڈیلرز کے تحفظات دورکریں گے۔
وزیر ایکسائز نے مزید کہا کہ محکمے میں شفافیت سے عوام کو سہولتیں مل رہی ہیں، امید ہے گاڑیوں کی 20 لاکھ نمبر پلیٹوں کا بیک لاگ بھی جلد ختم ہو جائے گا۔