انگلش کرکٹ بورڈ( ای سی بی) کی مینز ٹیم کے منیجنگ ڈائریکٹر ایشلے جائلز کو ایشز میں انگلینڈ ٹیم کی مایوس کن کارکردگی کی وجہ سے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
انگلش کرکٹ بورڈ کے مطابق ایشلے جائلز کی جگہ اینڈریو اسٹراس عارضی طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ جائلز کے مستقل متبادل کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
Ashley Giles stands down as Managing Director, England Men’s Cricket
— England Cricket (@englandcricket) February 2, 2022
ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ٹام ہیریسن کاکہنا ہے کہ گزشتہ تین سالوں میں انگلینڈ مینز کرکٹ میں ایشلے جائلز کے عزم اور تعاون کے لیےان کے بے حد مشکور ہیں۔
دوسری جانب ایشلے جائلز نے کرکٹ بورڈ کےتمام عملے اور کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے کچھ سال ناقابل یقین حد تک چیلنجنگ رہے ہیں اور مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ہم مشکل ترین حالات میں جو کچھ فراہم کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ اس سے بلاشبہ انگلینڈ اور ویلز میں کھیل کا مستقبل محفوظ ہو گیا ہے۔
واضح رہے کہ جائلز کے تین سالہ دور میں انگلینڈ مینز ٹیم نے 50 اوور کا ورلڈ کپ جیتا جبکہ اس وقت انگلش ٹیم دنیا کی بہترین ٹی ٹوئنٹی ٹیم ہے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کو 2021-22 کی ایشز سیریز میں آسٹریلیا کے ہاتھوں 0-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔