پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی بار بار یاد دہانیوں کے باوجود پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کو انجوائے کرنے کیلئے مختلف فیملیز 12 سال سے کم عمر بچوں کو اسٹیڈیم لانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
ہفتے کو بھی متعدد فیملیز بچوں کو اسٹیڈیم لے کر آئیں اور اس دوران نیشنل اسٹیڈیم کی مرکزی بلڈنگ کے دروازے پر ایک ناخوش گوار واقعہ پیش آیا جب ایک فیملی سکیورٹی اور ٹکٹ چیکنگ پر مامور اہلکاروں سے الجھ پڑی۔
اہلکاروں نے جب ان کے بچے کو کم عمری کی بنیاد پر اسٹیڈیم میں داخل ہونے سے روکا تو وہ جذباتی ہوگئے اور عملے پر الزام عائد کیا کہ وہ بااثر افراد کے بچوں کو جانے دے رہے ہیں جبکہ دیگر بچوں کو روک رہے ہیں۔
معاملہ جب زیادہ تلخ ہوا اور گرما گرمی بڑھ گئی تو پی سی بی کے سکیورٹی ڈائریکٹر کرنل آصف اور جی ایم آپریشنز عثمان واہلہ معاملہ سنبھالنے پہنچ گئے ۔
اس دوران عثمان واہلہ کو بعض فیملیز نے گھیرے بھی رکھا تاہم معاملات قابو میں رہے۔
دوسری جانب پی سی بی عملے کی جانب سے اسٹیڈیم میں داخلے سے روکے جانے پر متعدد بچے آبدیدہ نظر آئے تاہم پی سی بی نے ان کے والدین کی درخواست ماننے سے انکار کردیا اور کہا کہ وہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے فیصلے کا پابند ہے۔