دبئی: متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو کووڈ 19 ویکسین لگانے کا اعلان کردیا گیا، 12 سے 15 سال کی عمر تک کے بچوں کو گزشتہ برس مئی سے ویکسین لگوائی جارہی ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق دبئی ہیلتھ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) نے 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو کووڈ 19 کی فائزر بیونٹیک ویکسین لگانے کا اعلان کیا ہے۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کے والدین، ڈی ایچ اے کی ایپ یا واٹس ایپ کے ذریعے بچوں کے لیے کووڈ 19 کی ویکسی نیشن کے لیے پیشگی اپائنٹ منٹ لے سکتے ہیں۔
فائزر بیونٹیک ویکسین 12 سے 15 سال کے بچوں کے لیے مئی 2021 سے لگائی جارہی ہے۔
پانچ سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کووڈ 19 کے قومی ویکسی نیشن پلان اور متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت (ایم او ایچ اے پی) کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق کیا گیا ہے۔
یہ اقدام عالمی سائنسی شواہد پر مبنی اور بین الاقوامی پروٹوکول کے عین مطابق ہے۔
ڈی ایچ اے نے اس بات پر زور دیا ہے کہ شہریوں اور رہائشیوں کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے اور یہ اقدام کووڈ 19 ویکسین کے ذریعے اس عمر کے گروپ تک تحفظ کو بڑھانے میں مدد کرے گا۔
5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو ڈی ایچ اے کے جن مراکز سے ویکسین لگوائی جاسکتی ہے، ان میں عود ميثا ویکسی نیشن سینٹر، الطوار ہیلتھ سینٹر، المزہر ہیلتھ سینٹر، ندالحمر ہیلتھ سینٹر، المنخول ہیلتھ سینٹر، البصيلی ہیلتھ سینٹر، ندالشبا ہیلتھ سینٹر، زعبيل ہیلتھ سینٹر اور البرشا ہیلتھ سینٹر شامل ہیں۔