دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے ایک روزہ میچز کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بابر اعظم کی حکمرانی برقرار ہے اور وہ بدستور پہلے نمبر پر قابض ہیں، بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی دوسرے، روہت شرما تیسرے، نیوز لینڈ کے روس ٹیلر چوتھے، جنوبی افریقا کے کوئنٹن ڈی کوک پانچویں، ایرون فنچ چھٹے، جونی بیرسٹو ساتویں، ڈیوڈ وارنر آٹھویں اور کین ولیمسن نویں نمبر پر ہیں۔
نئی رینکنگ میں جنوبی افریقا کے بیٹر راسی وان ڈر ڈوسین کو بھارت کے خلاف ایک روزہ سیریز میں عمدہ کارکردگی کا صلہ مل گیا اور وہ اپنے کیریئر میں پہلی بار ٹاپ 10میں شامل ہوئے ہیں، پاکستان کے فخرزمان بارہویں اور امام الحق16 ویں نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری ون ڈے میچز کے بہترین بولرز میں نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ سرفہرست ہیں، آسٹریلیا کے جوش ہیزل ووڈ دوسری، کرس ووکس تیسری، بنگلہ دیش کے مجیب الرحمان چوتھی، مہدی حسن پانچویں، میٹ ہینری چھٹی، جسپریت بمرا ساتویں، مچل اسٹارک آٹھویں، شکیب الحسن نویں اور اینڈی میکبرائن دسویں پوزیشن پر ہیں۔
کوئی بھی پاکستانی بولرز ٹاپ ٹین میں جگہ بنانے میں کامیاب نہ ہوسکا۔
یاد رہے کہ دو روز قبل کپتان قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم نے آئی سی سی ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔
اس سے قبل بیس جنوری کو آئی سی سی نے کرکٹ ٹیم آف دی ایئر کا اعلان کیا تھا، مینز ون ڈے ٹیم آف دی ایئر کی کپتانی کا قرعہ بابر اعظم کے نام نکلا تھا، سال کی بہترین ٹیم میں بنگلہ دیش کے تین، آئرلینڈ، سری لنکا، اور جنوبی افریقا کے دو دو کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا تھا۔
رواں ماہ کی انیس تاریخ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سال کے ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا اعلان کیا تھا، ٹیم کا کپتان بابر اعظم کو مقرر کیا گیا تھا۔