وہ کار جو 2 منٹ 15 سیکنڈ میں جہاز بن جاتی ہے، اب تک 70 گھنٹوں کی آزمائشی پروازیں مکمل کر چکی ہے، اور اب جلد ہی لندن سے پیرس تک فضا اور سڑکوں پر دوڑتی نظر آئے گی۔
جن اڑن کاروں کو ہم سائنس فکشن فلموں میں دیکھتے تھے، اب جلد ہی سچ مچ دیگر سواریوں کی مانند سڑکوں اور فضاؤں میں ہمیں نظر آیا کریں گی، کیوں کہ سلواکیہ کی کمپنی کی تیار کردہ ایسی ہی ایک شان دار کار نے اس خواب کو سچ کر دکھایا ہے۔
سلواکیہ کی سٹارٹ اپ کمپنی، کلین ویژن، نے اپنی اڑنے والی کار، ایئر کار کے لیے پہلی فضائی قابلیت کا سرٹیفیکیٹ بھی حاصل کر لیا ہے۔ گزشتہ برس جون کے مہینے میں بھی اُڑنے والی گاڑی یا فلائنگ کار کے آزمائشی ماڈل نے سلواکیا کے شہروں نیترا اور براٹیسلاوا کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں کے درمیان ایک گھنٹہ 35 منٹ کی پرواز کامیابی سے مکمل کی تھی۔
اب ایئرکار بنانے والی سلواکیہ کی کمپنی نے اس کی باضابطہ پہلی پرواز کے لیے لندن سے پیرس کا روٹ منتخب کیا ہے۔
70 گھنٹوں کی آزمائشی پروازیں مکمل کرنے کے بعد ایئر کار کو ہوائی سفر کے لیے محفوظ قرار دے دیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق جلد ہی یورپی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا سرٹیفکیٹ ملنے پر لندن سے پیرس تک ایئر کار کے سفر کا آغاز کر دیا جائے گا۔
یہ گاڑی 2 منٹ 15 سیکنڈ میں کار سے ہوائی جہاز بن جاتی ہے، اور توقع ہے کہ 100 میل فی گھنٹا رفتار کی حد سے اسے لندن سے پیرس پہنچنے میں 2 گھنٹے 15 منٹ لگیں گے۔ کار اور ہوائی جہاز کی ٹیکنالوجی کے ملاپ سے تیار کردہ ’ایئر کار‘ کے اس ماڈل میں بی ایم ڈبلیو کا انجن نصب ہے جبکہ اس میں کسی عام پٹرول پمپ کا ایندھن ڈالا جاتا ہے۔