العلا: سعودی عرب کے تاریخی اور عجائب سے بھرپور شہر العلا میں پہلی خودکار الیکٹرک پوڈ (گاڑی) کا افتتاح کر دیا گیا۔
سعودی گزٹ کے مطابق العلا رائل کمیشن نے پہلی خودکار الیکٹرک گاڑی کا افتتاح کر دیا ہے، جو شہر کے ایک حصے سے دوسرے حصے تک 30 سواریوں کو سفر کی سہولت فراہم کر سکتی ہے-
خبر میں بتایا گیا ہے کہ رائل کمیشن فار العلا (آر سی یو) نے RATP گروپ کے ساتھ شراکت میں پہلی خودمختار الیکٹرک پوڈ کا آغاز کیا ہے تاکہ زائرین کو العلا کے اولڈ ٹاؤن میں لے جایا جا سکے۔
اس خودکار پوڈ میں بیٹھ کر مقامی رہائشی اور سیاحت کے لیے آنے والے ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچنے کے لیے سفر کے جدید اور نہایت آرام دہ تجربے سے آشنا ہو سکیں گے۔
العلا رائل کمیشن نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ وہ تاریخی شہر میں تہذیب و تمدن کے ورثے کے تحفظ کے لیے ماحول دوست ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی کوشش میں ہیں، العلا میں اسمارٹ ٹرانسپورٹ سے استفادہ اسی پالیسی کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ العلا پوری دنیا میں سب سے بڑا تاریخی عجائب گھر ہے، یہ قدرتی عجائبات اور ششدر و حیران کر دینے والے تاریخی مقامات سے مالا مال ہے۔
یہاں مہم جوؤں کے لیے بہت کچھ ہے، دنیا بھر سے سیر و سیاحت اور قدیم تہذیب و تمدن کے دلدادگان العلا اور اس کے نخلستانوں سے لطف اٹھانے کے لیے اس تاریخی مقام کا رخ کر رہے ہیں۔