کراچی : گجرنالے پر آپریشن میں شریک کرین آپریٹر کو دھمکی آمیز کال موصول ہوئی، جس میں کہا گیا کہ کام پر مت آنا ورنہ تمہاری لاش جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں انسداد تجاوزات آپریشن میں شریک افراد کو ڈرایا دھمکایا جانے لگا ، گجرنالے پر آپریشن میں شریک کرین آپریٹر کو دھمکی آمیز کال موصول ہوئی۔
کرین آپریٹر نے بتایا کہ حسین نامی شخص نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، فون پر کہا گیا کام پر مت آنا ورنہ تمہاری لاش جائے گی۔
دھمکی ملنے پر کرین آپریٹر یار محمد تھانے کے چکر لگا لگا کر تھک گیا اور روایتی پولیس رویے کے شکار محنت کش نے اےآر وائی نیوز سے رابطہ کیا۔
کرین آپریٹر یار محمد کے ایم سی کے ساتھ پرائیویٹ طورپرمنسلک ہے، کرین آپریٹر نے کہا کہ پاپوش نگر تھانے میں درخواست جمع کرادی ہے، میں ڈر کے مارے کام پر نہیں جارہا، پولیس حکام نوٹس لیں۔
یاد رہے اس سے قبل سپریم کورٹ بنچ نے گجر اور اورنگی نالہ کے متاثرین کو معاوضہ دینے کا تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے کراچی رجسٹری بینچ نے لکھا تھا کہ صفائی مہم میں جن متاثرین کے گھر مسمار کیے گئے تھے، ان کی بحالی کے لیے فنڈز کی کمی پر سندھ حکومت کی جانب سے پیش کی گئی وجہ قابل قبول نہیں۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا تھا کہ انہیں معاوضہ دینے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں۔