اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے نگراں وزیر تجارت ڈاکٹر گوہر اعجاز سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تجارتی تعلقات مضبوط بنانے کیلئے بات چیت کی گئی۔ملاقات میں دونوں شخصیات کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔نگراں وزیر گوہر اعجاز نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ایک خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل تشکیل دی ہے، کونسل کا مقصد مختلف شعبوں کانوں، معدنیات، زراعت، توانائی میں سرمایہ کاری بڑھانے کی ترغیب دینا ہے۔گوہر اعجاز نے سفیر کی وساطت سے امریکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کرنے کی بھی دعوت دی۔نگراں وزیر تجارت نے پاکستان کی معاشی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا اور امریکی حکومت کی مسلسل حمایت کو سراہا۔