کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی، عوامی امور اور قومی ورثہ و ثقافت انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ ہم سب کو عہد کرنا چاہئے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی سوچ اور فکر کو آگے لے کر جائیں اور سب مل کر جمہوری اور خوشحال پاکستان کے لئے کام کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار کے احاطے میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں انہوں نے مزار قائد پر حاضری دی ،پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔مزارقائد آمد پر مسلم لیگ ن کے رہنما علی اکبر گجر اور دیگر حکام نےامیر مقام کا استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ضروری سمجھتا ہوں کہ دورہ کراچی کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی جائے، ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے کس مقصد کے لئے بڑی قربانیوں کے بعد ایک خود مختار ریاست بنائی،ہم سب کو عہد کرنا چاہیے کہ اسی سوچ اور فکر کو آگے لے کر جائیں اور سب مل کر جمہوری اور خوشحال پاکستان کے لئے کام کریں۔امیر مقام نے کہا کہ اس وقت معاشی اور دہشت گردی کے مسائل کا سامنا ہے ۔ کراچی میں بھی حالات خراب تھے لیکن اس وقت کے وزیراعظم اور ہمارے قائد نواشریف نے تمام سٹیک ہولڈرز ،سکیورٹی ایجنسیوں اور فوج کے ساتھ مل کر کراچی کے امن کو ترجیح دی اور لیڈر کے وژن سے کراچی کی روشنیاں بحال ہوئیں۔امیر مقام نے کہا کہ پشاور میں دھماکے کے بعد وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا ، ملٹری اور سول لیڈر شپ نے اجلاس میں اپنا انپٹ دیا،نئے عزم اور جذبے کے ساتھ پاکستان کو امن کا گہوارہ بنائیں گے ۔