لاہور( نمائندہ خصوصی) بھارت میں شیڈول آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے سلسلے میں پاکستان کرکٹ ٹیم ممبئی کا سفر نہیں کرے گی۔ اس حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی کو بتادیا ہے کہ ممبئی پاکستان کےلیے محفوظ نہیں ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ورلڈکپ سیمی فائنل کےلیے کولکتہ اور ممبئی وینیوز ہیں۔ تاہم پی سی بی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے سیمی فائنل میں ٹکراؤ کی صورت میں کولکتہ میں میچ کروایا جائے۔خیال رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کے شیڈول کا اعلان کل کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ کولکتہ میں ممکنہ طور پر پاکستان کے 3 میچز شیڈول ہیں جبکہ پاکستان اور بھارت کا گروپ میچ احمد آباد میں ہوگا۔