لندن (نیٹ نیوز) انگلینڈ اور زمبابوے کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے بائیں ہاتھ کے بیٹر گیری بیلنس نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔سابق انگلش کرکٹر اور حال ہی میں اپنے آبائی وطن زمبابوے سے انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے والے 33سالہ گیری بیلنس نے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔گیری بیلنس نے 2014ءسے 2017ءکے درمیان تینوں فارمیٹ کے 42میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کی، انہوں نے انگلش ٹیم سے کھیلتے ہوئے 23ٹیسٹ میچز میں4 سنچریاں بھی اسکور کیں۔ تاہم انہوں نے انگلش ٹیم کو خیر باد کہہ کر اپنے آبائی ملک زمبابوے سے کرکٹ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ گیری بیلنس 2021ءمیں زمبابوے کی جانب سے کھیلنے کے اہل قرار پائے اور انہوں نے 2022 میں خود کو آبائی ملک کی ٹیم کی سلیکشن کے لیے دستیاب کیا۔بیلنس نے 2022 کے آخر میں زمبابوے کرکٹ کے ساتھ دو سالہ معاہدہ کیا تھا اور واپسی کے بعد سے زمبابوے کے لیے پانچ ون ڈے، ایک ٹی ٹوئنٹی اور ایک ٹیسٹ کھیلا۔گیری بیلنس نے رواں سال فروری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف زمبابوے کی جانب سے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلا اور اپنے آبائی ملک سے کھیلتے ہوئے پہلے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی۔ بائیں ہاتھ کے گیری بیلنس دنیا کے دوسرے ایسے کرکٹر ہیں جنہوں نے دو مختلف ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹیسٹ سنچریاں اسکور کیں،اس سے قبل کیپلر ویسلز نے آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی جانب سے ٹیسٹ سنچریاں بنائی تھیں۔ گیری بیلنس کے مجموعی انٹرنیشنل کیریئر پر نظر ڈالیں تو انہوں نے انگلینڈ اور زمبابوے کی نمائندگی کرتے ہوئے کل24 ٹیسٹ میچز میں 40.31 کی اوسط سے ایک ہزار 653 رنز بنائے، جس میں 5 سنچریاں بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ مجموعی طور پر انہوں نے 21 ون ڈے میچز کھیلے جس میں 25.22 کی اوسط سے 454 رنز بنائے جبکہ زمبابوے کی جانب سے واحد ٹی ٹوئنٹی میں 30 رنز اسکور کیے۔