کراچی ( اسپورٹس رپورٹر ) تیسرے نیا ناظم آباد رمضان فلڈ لائیٹس فٹبال ٹورنامنٹ کا شاندار اختتام ہوگیا۔ مدھو محمڈن گلشن اقبال نے ٹائٹل جیت لیا۔ فائنل میں دلچسپ معرکہ کے بعد شفیع محمڈن لیاری کو پنالٹی ککس پر چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ نیا ناظم آباد فٹبال گراؤنڈ پر برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلے گئے فائنل کو ہزاروں شائقین نے دیکھا۔ میچ کا پہلا گول دس ویں منٹ میں شفیع محمڈن کے علی خان نے اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ اٹھائیس ویں منٹ میں مدھو محمدن کے شاہ جہاں نے گول بناکر مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا۔ شفیع محمڈن کےفرقان احمد نے سینتیس ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو پھر سبقت دلائی ۔ جو کو تین منٹ بعد ہی معاویہ کے اون گول کے باعث ختم ہوگئی۔ دوسرے ہاف میں شفیع محمڈن کو پنالٹی ککس ملی لیکن وہ اس کو گول میں تبدیل نہ کرسکے۔ مقررہ وقت میں مقابلہ دو دو گول سے برابر رہنےکے بعد مدھو محمڈن نے پنالٹی ککس پر چار کے مقابلے میں پانچ گول کرکے اعصاب شکن فائنل اپنے نام کیا۔ مہمان خصوصی قومی کرکٹ ٹیم کےسلیکٹر و سابق ٹیسٹ کرکٹر محمد سمیع نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔ فاتح ٹیم مدھو محمڈن ڈھائی لاکھ روپے اورٹرافی کی حقدار بنی۔ جبکہ رنر اپ ٹیم شفیع محمڈن کو دو لاکھ روپے اور ٹرافی دی گئی۔ فاتح ٹیم کے شاہ جہاں نے بیسٹ پلیئر کے انعام میں بائیک حاصل کی ۔ عامرڈیوڈ نے ایمرجنگ پلیئر ، فرقان بلوچ نے ٹاپ اسکورر اور محمد سمیر نے بہترین گول کیپر کا ایوارڈ جیتا۔ فیئر پلے کی ٹرافی ملیر شاہین ٹیم کے نام رہی۔ اس موقع پر چیئرمین نیا ناظم آباد عارف حبیب، سی ایف او سعید احمد ، صرر نیا ناظم آباد جمخانہ سید محمد طلحہ، نامور ایتھلیٹ نسیم حمید، ، معروف گلوگار حسن جہانگیر، ، سی ای او حسن پراپرٹی طارق اقبال، اسپورٹس آفیسر ڈسٹرکٹ سینٹرل حاجرہ نواب ، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ناصر اسماعیل ، منیجر اسپورٹس محمد آصف اور دیگر بھی موجود تھے۔