راولپنڈی( اسپورٹس ڈیسک/نیٹ نیوز )
ایس ایل8 کے 28 ویں اور اہم ترین میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 9 رنز سے شسکت دیکر پلے آف مرحلے میں جگہ بنا لی۔راولپنڈی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان محمد نواز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ملتان سلطانز کی جانب سے اننگز کا آغاز عثمان خان اور محمد رضوان نے کیا، عثمان خان نے اننگز کے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور کوئٹہ کے بولرز کی ایک نہ چلنے دی، عثمان خان نے صرف 36 گیندوں پر پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری اسکور کر ڈالی۔انہوں نے اپنے ساتھی کھلاڑی رائیلی روسو کی 41 گیندوں پر تیز ترین پی ایس ایل سنچری کا ریکارڈ توڑا اور عثمان خان مجموعی طور پر 43 گیندوں پر 9 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 120 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے بھی 26 گیندوں پر ففٹی مکمل کی اور وہ 55 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ رائیلی روسو 15 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ٹم ڈیوڈ 43 اور کیرون پولارڈ 23 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے اور ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز اسکور کیے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے قیس احمد مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے اور انہوں نے 4 اوورز میں 77 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد نواز نے بھی 50 رنز دیے اور ان کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 253 رنز بنا سکی اور اس طرح اسے 9 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا، جیسن رائے، مارٹن گپٹل اور محمد حفیظ خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے لیکن اس کے بعد عمیر یوسف اور افتخار احمد نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں بلکہ کوئٹہ کو میچ میں واپس لے آئے۔افتخار احمد 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عمیر یوسف نے 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، عمر اکمل نے بھی صرف 10 گیندوں پر 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 28 رنز بنائے، قیساحمد اور نوین الحق 17، 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تاہم وہ اپنی ٹیم کو میچ نہ جتوا سکے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پی ایس ایل کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کے خلاف 2021 میں بنایا تھا جو 247 رنز تھا۔دریں اثناء پی ایس ایل8 کے 28 ویں میچ میں کئی ریکارڈز بنے، ملتان کے عثمان خان نے پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنائی جبکہ کوئٹہ کے قیس احمد77 رنز دے کر پی ایس ایل کی تاریخ کے مہنگے بولر بنے۔پنڈی اسٹیڈیم میں کسی بھی ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ رنز بنے، ملتان سلطانز نے 262 اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 253 رنز بنائے، میچ میں مجموعی طور پر 515 رنز بنے جو نیا ٹی ٹوئنٹی ریکارڈ ہے۔
کوئٹہ اور ملتان کے میچ میں باؤونڈریز کا بھی نیا ریکارڈ بن گیا اور میچ میں دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 78 باؤنڈریز لگائیں۔
33 چھکوں اور 45 چوکوں کے ساتھ ایک ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ باؤنڈریز کا ریکارڈ بنا۔ اس سے قبل پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں 75 باؤنڈریز کا ریکارڈ بنا تھا۔
میچ میں مجموعی طور پر 378 رنز باؤنڈریز کی مدد سے بنے ہیں، یہ کسی ایک میچ میں باؤنڈریز سے سب سے زیادہ بننے والے رنز ہیں۔اس سے قبل جمیکا تھلاواز اور ٹرینبیگو نائٹ رائیڈرز نے باؤنڈریز سے 362 رنز بنائے تھے۔