کراچی(اسپورٹس رپورٹر)پاکستان انڈر 23 ورلڈ اسکواش کا چیمپئن بن گیا، پاکستان کے نور زمان نے مصر کے کریم الترکی کو دو کے مقابلے میں تین گیم سے شکست دی۔پاکستان اسکواش فیڈریشن اور سندھ اسکواش ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ڈی ایچ اے کریک کلب میں کھیلی گئی چیمپئن شپ کے پانچ گیمز پر مشتمل فائنل میں پاکستان کے نور زمان نے دو صفر کے خسارے سے کم بیک کے بعد تین سیٹ سے کامیابی حاصل کی۔شاندار فتح کے بعد نور زمان کا کہنا تھا کہ دو صفر کے خسارے کے بعد سوچ یہی
تھی کہ اپنے گیم پر فوکس کروں، آخری وقت تک فائٹ کرنے کا ذہن میں تھا۔ بس سوچا تھا کہ جو محنت کی اس کو ثابت کروں۔نور زمان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس وقت خود کو بہت پرسکون محسوس کر رہے ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے انڈر23 ورلڈ اسکواش
چیمپئن شپ کا فائنل جیتنے پر نور زمان کو مبارکباد دی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ مقابلہ انتہائی دلچسپ تھا، دیکھنے میں بڑا لطف آیا، نور زمان نے بڑی مہارت سے کھیلا اور جیت اپنے نام کی۔