لاہور۔(اسپورٹس رپورٹر):سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو 78رنز سے شکست دے دی، کیویز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 330رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، جواب میں پاکستانی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 48ویں اوور میں 252رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، فخر زمان کے سوا پاکستان کا کوئی بھی بیٹر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا، فخر زمان کی 84رنز کی اننگز رائیگاں گئی،گلین فلپس نے 106رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ہفتہ کو قذافی
اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے پہلے ڈے اینڈ نائٹ میچ میں کیوی ٹیم کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مہمان ٹیم نے مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 330رنز بنائے، گلین فلپس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 106رنز کی دلکش اننگز کھیلی، ڈیرل مچل 81، کین ولیمسن 58، مچل بریسویل 31، ریچن روندرا 25 اور ول ینگ 4رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، شاہین آفریدی نے 3، ابرار احمد نے 2اور حارث رئوف نے ایک وکٹ لی۔ جواب میں پاکستانی ٹیم
مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 47.5اوورز میں 252رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی،فخرزمان اور بابراعظم نے ٹیم کو 52رنز کا آغاز فراہم کیا،اس موقع پربریسویل نے 10کے انفرادی سکور پر بابراعظم کو آئوٹ کر کے ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی، کامران غلام دوسرے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 18رنز بنا سکے، کپتان محمدرضوان 3رنز بنا کر چلتے بنے، 119کے مجموعی سکور پر پاکستان کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب فخرزمان فلپس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے،فخرزمان نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4چھکوں اور 7چوکوں کی مدد سے 84رنز کی اننگز کھیلی، طیب طاہر 30رنز بنا کر ہنری کی گیند کا نشانہ بنے،
خوشدل شاہ 15رنز بنا سکے، 205کے سکور پر سلمان آغا 40رنز کر آئوٹ ہو گئے، شاہین آفریدی 10، نسیم شاہ 13رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ابرار احمد 23رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔