اسلام آباد۔(اسپورٹس رپورٹر ):پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے لوگو کی رونمائی کر دی۔ پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل کا دسواں ایڈیشن 8 اپریل سے 19 مئی تک منعقد ہو گا۔ یہ ایونٹ اس لیے یادگار ہے کہ یہ اپنے دس سال مکمل کر رہا ہے۔ پی ایس ایل 10 کا لوگو لیگ کے غیر معمولی سفر کو جرات مندانہ خراج تحسین ہےلوگو کا ایک نمایاں عنصر چھ بولڈ اور ایک دوسرے سے جڑی ہوئی لائنز ہیں جو چھ فرنچائزز کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں۔ چیف ایگزیکٹیو پی ایس ایل سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل صرف ایک لیگ نہیں بلکہ قومی جذبے کی آئینہ دار ہے جس نے قوم کو متحد کر رکھا ہے۔ پی ایس ایل کے دسویں ایڈیشن میں شائقین کو کرکٹ کے یادگار لمحات سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔