کیپ ٹاؤن۔(اسپورٹس رپورٹر ):پاکستان نے کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے تیسرے روز فالو آن کے بعد اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز بنا لیے اور اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 208 رنز درکار ہیں ، شان مسعود نے شاندار سنچری سکور کی اور وہ 102 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، بابر اعظم 81 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، دونوں نے 205 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا ، خرم شہزاد 8 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں ، اس سے قبل پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز 615 رنز کے جواب میں 194 پر ڈھیر ہو گئی اور اسے فالو آن کی خفت کا سامنا کرنا پڑا ، بابر اعظم 58 اور محمد رضوان 46 رنز بنا کر نمایاں رہے، کگیسو ربادا نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔اتوار کو نیولینڈز ، کیپ ٹاؤن میں ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے 64 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو بابر اعظم 31 اور محمد رضوان 9 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے، دونوں بیٹرز کے مابین 98 رنز کی شراکت قائم ہوئی ، بابر اعظم چوتھے آئوٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 58 رنز بنا کر کیوانا مافاکا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے ، 144 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو پانچواں نقصان اٹھانا پڑا جب محمد رضوان 46 رنز بنانے کے بعد ویان مولڈر کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ، اس کے بعد پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور پوری ٹیم 194 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 421 رنز کی برتری حاصل کی اور پاکستان کو فالو آن کا سامنا کرنا پڑا ، سلمان آغا 19، عامر جمال 15، خرم شہزاد 14 اور میر حمزہ 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ، صائم ایوب انجری کے باعث بیٹنگ پر نہ آسکے، جنوبی افریقہ کی طرف سے کیوانا مافاکا اور کیشو مہاراج نے دو، دو جبکہ مارکو جینسن اور ویان مولڈر نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ، فالو آن کے بعد پاکستانی اوپنرز شان مسعود اور بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 205 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کی مشکلات کو کم کیا ، بابر اعظم نے 10 چوکوں کی مدد سے 81 رنز بنائے ، انہیں مارکو جینسن نے آؤٹ کیا ، کپتان شان مسعود نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور چھٹی ٹیسٹ سنچری مکمل کی ، وہ 102 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں جبکہ نائٹ واچ مین خرم شہزاد 8 رنز پر ان کا ساتھ دے رہے ہیں ، جنوبی افریقہ کی جانب سے واحد وکٹ مارکو جینسن نے حاصل کی ۔