سنچورین۔پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سنچورین ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو گیا ہے ، پاکستان کو جیت کے لیے 7 وکٹیں اور جنوبی افریقہ کو 121 رنز درکار ہیں ، میزبان ٹیم کی 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 27 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گر گئیں ، ایڈن مارکرم 22 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں ، محمد عباس نے دو وکٹیں حاصل کیں ، تفصیلات کے مطابق تیسرے روز کا کھیل بارش کے باعث تاخیر کا شکار ہوا ، پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 88 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی تو بابر اعظم 16 اور سعود شکیل 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے ، دونوں کے درمیان 79 کی شراکت قائم ہوئی ، بابر اعظم 50 رنز بنا کر مارکو جینسن کا شکار بن گئے ، جینسن نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے محمد رضوان کو 3 اور سلمان آغا کو ایک کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کر دیا ، سعود شکیل اور عامر جمال نے ساتویں وکٹ میں 32 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 208 تک پہنچا دیا ، عامر جمال 18 رنز بنا کر ڈین پیٹرسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے ، 236 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل 84 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر مارکو جینسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے ، نسیم شاہ اور محمد عباس صفر پر آؤٹ ہوئے ، اس طرح پاکستان کی پوری ٹیم 237 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، جنوبی افریقہ کی طرف سے مارکو جینسن نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں ، پہلی اننگز میں 90 رنز کی برتری کی بدولت جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 148 رنز کا ہدف ملا مگر کھیل کے اختتام پر اس کی 27 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گر گئیں ، ٹونی ڈی ذورزی 2 ، ٹرسٹن سٹبز ایک اور ریان رکیلٹن بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ، محمد عباس نے دو اور خرم شہزاد نے ایک وکٹ حاصل کی ۔