کراچی(اسپورٹس ڈیسک )قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بیٹر صائم ایوب نے اپنی بہترین پرفارمنس کی بدولت انٹرنیشنل کرکٹ میں 57 کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) کی ایک روزہ کرکٹ کی ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں پاکستان کے صائم ایوب اور سلمان علی آغا نے بڑی چھلانگ لگائی ہے۔آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں جنوبی افریقا کے خلاف ایک روزہ سیریز کے مین آف دی سیریز قرار پانے والے نوجوان بیٹر صائم ایوب نے بین الاقوامی کرکٹ کے 57 کھلاڑیوں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔صائم ایوب کی درجہ بندی میں 57 درجے کا اضافہ ہوا ہے، وہ یک دم بہتری کے بعد 24ویں نمبر پر آگئے ہیں۔دوسری طرف سلمان علی آغا نے بھی آئی سی سی رینکنگ میں لمبی چھلانگ لگائی ہے۔ وہ 28 درجے ترقی پانے میں کامیاب رہے ہیں، اب اُن کا نمبر 80 ہے۔ون ڈے بیٹرز کی رینکنگ میں سابق کپتان بابراعظم کا پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ دوسرے نمبر پر بھارت کے روہت شرما اور تیسرے نمبر پر ان ہی کے ہم وطن شبمن گل موجود ہیں۔پاکستان ٹیم کے کپتان محمد رضوان کی بات کی جائے تو وہ 3 درجے ترقی کی بدولت اب 21ویں نمبر پر آگئے ہیں۔جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز کے تینوں میچوں میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہونے والے عبد اللّٰہ شفیق کی 21 درجہ تنزلی ہوگئی ہے اور اب فہرست میں ان کا 98 واں نمبر ہوگیا ہے۔