فیصل آباد ۔ (نمائندہ خصوصی):ورلڈ سنوکر چیمپین محمد آصف نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔ اگر نوجوانوں کی سہولتیں میسر آئیں تو وہ دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ تیسری مرتبہ ورلڈ سنوکر چیمپین بننے کے بعد آج یہاں کوثر آباد میں اپنی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے تین مرتبہ ورلڈ سنوکر چیمپین شپ جیت کر پاکستان کیلئے ایک منفرد ریکارڈ بنانے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی طرف سے بہتر سے بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کی اور مجھے قوی امید تھی کہ اللہ تعالیٰ مجھے ضرور کامیابی عطا فرمائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ہمیشہ اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کی ہے اور آئندہ بھی جب موقع ملے گا تو ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی پوری کوشش کروں گا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی محنت کے بل بوتے پر آگے آئیں۔ان شاء اللہ کامیابی ان کے قدم چومے گی۔ قبل ازیں اپنی رہائش گاہ پر پہنچنے پر ورلڈ سنوکر چیمپین محمد آصف کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔