ممبئی۔ (اسپورٹس ڈیسک ):نیوزی لینڈ نے بھارت کو ممبئی ٹیسٹ میچ میں 25 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کر دیا ، نیوزی لینڈ کی ٹیم نے غیر معمولی کارکردگی کی بدولت ہوم ٹیسٹ سیریز میں بھارت کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ ختم کیا اور 25 سال بعد ہوم ٹیسٹ سیریز میں کلین سویپ شکست دے کر تاریخ رقم کر دی، اس سے قبل بھارت کو ہوم ٹیسٹ سیریز میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 2000-1999 میں 0-2 سے وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا ، وانکھیڈے اسٹیڈیم، ممبئی میں کھیلے گئے میچ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے بھارت کو جیت کے لیے 147 رنز کا ہدف دیا ، بھارتی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 121 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، رشبھ پنت 64 رنز بنا کر نمایاں رہے ، روہیت شرما 11 ، یشاسوی جیسوال 5 جبکہ شبمن گل ، ویرات کوہلی اور سرفراز خان ایک، ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے ،نیوزی لینڈ کی جانب سے اعجاز پٹیل نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 6 وکٹیں حاصل کیں ، گلین فلپس نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، اعجاز پٹیل کو میچ میں مجموعی طور پر 11 وکٹیں حاصل کرنے پر مرد میدان قرار دیا گیا جبکہ ول ینگ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ، واضح رہے کہ بنگلورو میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 8 وکٹوں سے زیر کیا تھا،یہ 36 سال بعد پہلا موقع تھا جب نیوزی لینڈ نے بھارت کو اس کی سر زمین پر ٹیسٹ میچ میں شکست دی تھی، اس کے بعد نیوزی لینڈ نے پونے میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں 113 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کی اور یوں بھارت کو 12 برس بعد ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔