ملتان ( رپورٹ: محمد قیصر چوہان) جو روٹ اور ہیری بروک کی شاندار سنچریوں کی بدولت انگلینڈ نے ملتان ٹیسٹ کے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں کے نقصان پر 492 رنز بناکر پاکستان کے خلاف اپنی پوزیشن مستحکم کرلی ہے،مہمان ٹیم انگلینڈ کو میزبان پاکستان کا اسکور برابر کرنے کیلئے مزید 64 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 7 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔انگلینڈ کے جو روٹ 176 اور ہیری بروک 141 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ۔ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ پر رنز کا چشمہ پھوٹ پڑا،تین دنوں میں پانچ سنچریاں بن چکی ہیں ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز انگلینڈ کی پاکستان کے 556 رنز کے جواب میں اپنی پہلی نامکمل اننگز 96 رنز ایک کھلاڑی آو ٹ پر شروع کی تو زیک کراﺅلی 64 اور جو روٹ 32 رنز پر بیٹنگ کر رہے تھے لیکن 113 کے مجموعے پر زیک کراﺅلی آوٹ ہوکر پویلین سدھار گئے، انہوں نے 13 چوکوں کی مدد سے 78 رنز اسکور کیے۔ بین ڈکٹ 84 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے ۔اس وقت انگلینڈ کا مجموعی اسکور 249 تھا۔انگلش بلے بازوںبین ڈکٹ ، جو روٹ اور ہیری بروک نے پاکستانی باﺅلرز کی خوب پٹائی کی ، میدان کے چاروں جانب دلکش اسٹروک کھیلے ۔ ابرار احمد 35 اوورز میں 178 رنز دے چکے ہیں انہیں ابھی تک کوئی وکٹ بھی نہیں ملی۔پاکستان کی طرف سے شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور عامر جمال نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ہے۔