ملتان( رپورٹ: محمدقیصر چوہان) شان مسعود اور عبداللہ شفیق کی شاندار سنچریوں سمیت دوسری وکٹ پر 253 رنز کی نشراکت سے تقویت پا کر پاکستان کرکٹ ٹیم نے ملتان میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں میزبان پاکستان انگلینڈ کے خلاف 4 وکٹوںکے نقصان پر 328 رنز بنا لیے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کے دورے پر آنے والی انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نے خلاف ملتان میں کھیلے جا رہے تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو 8 کے مجموعی اسکور پر پہلی وکٹ گر گئی، افتتاحی بلے باز صائم ایوب 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔صائم کے جلد آو ٹ ہونے کے بعد کپتان شان مسعود اور اوپنر عبداللہ شفیق نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 253 رنز بنائے۔ عبداللہ شفیق 102 رنز بنا کر آو ٹ ہوئے ، انہوں نے ٹیسٹ میں اپنی پانچویں سنچری بنائی۔ کپتان شان مسعود نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے وکٹ کے چاروں جانب دلکش اسٹروک کھیلتے ہوئے سنچری بنائی شان 151 رنز بنا کراپنی وکٹ گنوا بیٹھے،بحیثیت کپتان شان مسعود کی یہ پہلی سنچری ہے۔ انہوں نے 4 سال بعد کیریئر کی 11ویں سنچری اسکور کی جس میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ شان مسعود نے 2020 میں انگلینڈ کے خلاف سنچری بنائی تھی۔بابر اعظم 30 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے۔کم روشنی کے باعث پہلے دن 86 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہو سکا ۔جب ایمپائر نے کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا توسعود شکیل35 رنز اور نائٹ واچ مین نسیم شاہ کھاتہ کھولے بغیر وکٹ پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ باﺅلر گس ایٹکنسن نے 70 رنز دیکر 2 کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔جبکہ کرس ووکس اورجیک لیچ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔