لاہور ( اسپورٹس ڈیسک)قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے ٹ20 کرکٹ میں ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ انہوں نے کیریبین پریمیئر لیگ (CPL) میں ایٹیگوا اور باربوڈا فالکنز کی نمائندگی کرتے ہوئے بھارتی بولر بھونیشور کمار کا ریکارڈ توڑتے ہوئے دنیا میں سب سے زیادہ میڈن اوورز کرنے والے تیسرے بولر بننے کا اعزاز حاصل کیا۔محمد عامر نے CPL کے 13ویں میچ میں 2.3 اوورز کروائے، جس میں ایک میڈن اوور شامل تھا، اور انہوں نے 11 رنز دیے۔ اب محمد عامر کے ٹی 20 کرکٹ میں میڈن اوورز کی تعداد 25 ہوگئی ہے، جب کہ بھونیشور کمار نے 24 میڈن اوورز کروائے ہیں۔واضح رہے کہ ویسٹ انڈین اسپنر سنیل نارائن 30 میڈن اوورز کے ساتھ پہلے اور بنگلادیش کے شکیب الحسن 26 میڈن اوورز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔محمد عامر نے یہ اعزاز 302 اننگز میں حاصل کیا ہے۔