,دوحہ ( نیٹ نیوز)
آرجنٹیا کے ماسٹر فٹبالر لیونل میسی اور ان کے شاگرد جولیان ایلواریز نے مل کر کروشیا کے خلاف سیمی فائنل میں ایسا سماں باندھا جس نے ان کی ٹیم کو باآسانی قطر ورلڈکپ فائنل میں پہنچا دیا۔میچ میں کروشیا کے اچھے آغاز کے باوجود آرجنٹینا کو 34ویں منٹ میں ملنے والی پینلٹی نے کھیل کا نقشہ بدل دیا اور یہاں سے کروشیا کی میچ میں واپسی ممکن نہ ہو پائی۔ شاید یہ میسی کی جانب سے انتہائی پراعتماد انداز میں لگائی گئی پینلٹی کا کمال بھی تھا جس نے مومنٹم مکمل طور پر آرجنٹینا کی جانب موڑ دیا۔
اب دنیائے فٹبال کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں سے ایک لیونل میسی کے پاس ورلڈکپ جیتنے کا آخری موقع ہے۔ یہ وہ ٹرافی ہے جو میسی اپنے کامیابیوں سے بھرپور کریئر میں جیتنے میں ناکام رہے ہیں۔تاہم آج صرف میسی ہی نہیں بلکہ مانچسٹر سٹی کے 22 سالہ سٹرائکر ایلواریز بھی کسی سے کم نہیں تھے اور ان کی بھرپور پیس اور دو بہترین گولز نے آرجنٹینا کی فائنل تک رسائی کو یقینی بنا دیا۔
اب آرجنٹینا اتوار کو اسی گراؤنڈ پر مراکش یا فرانس میں سے ایک ٹیم سے فائنل میں مدِ مقابل ہو گی۔آرجنٹینا کے ’لٹل جینیئس‘ میچ کے آغاز میں ہیمسٹرنگ کے مسئلے سے دوچار دکھائی دیے تاہم پینلٹی سکور کرنے کے بعد سے کروشیا کی ڈیفنس میں انھیں روکنے والا کوئی نہیں تھا۔پہلے ہی ہاف میں ملنے والی پینلٹی کروشیا کے گول کیپر ڈومینک لواکووچ کے فاؤل کے باعث آرجنٹینا کو ملی تھی اور میسی نے اسے گول کے دائیں کارنر میں مار کر آرجنٹینا کو برتری دلوائی تھی۔برتری حاصل کرنے کے صرف پانچ منٹ بعد ایلواریز نے اسے دوگنا کر دیا جب انھوں نے اکیلے ہی کروشیا کے ہاف میں گیند لے جا کر ایک ایسا رن بنایا جس میں جہاں ان کی خوش قسمتی بھی شامل تھی وہیں کروشیا کا ناقص ڈیفنس بھی اس کی وجہ بنا۔تاہم دوسرے ہاف میں میسی کی جانب سے بنائے گئے خوبصورت رن اور اس کے نتیجے میں ہونے والے گول کا موازنہ آرجنٹینا کے مداح 1986 کے ورلڈکپ میں میراڈونا کے انگلینڈ کے خلاف ’گول آف دی سینچری‘ سے کر رہے ہیں۔اس تاریخی رن کے دوران 35 سالہ میسی کے جوانی کے دنوں کی یاد تازہ ہوئی اور کروشیا اور وہ اس ٹورنامنٹ کے بہترین ڈیفینڈر جوسکو گوارڈیول کو تگنی کا ناچ نچاتے ہوئے گیند ڈی میں لے گئے اور پھر ایلواریز کو پاس کر دیا جنھوں نے اسے گول میں کنورٹ کرنے میں زیادہ دیر نہیں لگائی۔اب میسی کے پاس سنہ 2014 ورلڈکپ فائنل میں جرمنی سے ہار کی مایوسی بھلانے اور تاریخ رقم کرنے کا ایک اور موقع ہو گا۔
موقع جب میسی نے 19ویں منٹ میں اپنی ہیمسٹرنگ کو پکڑا اور کچھ دیر کے لیے سٹریچ کرنے کی کوشش کی تو آرجنٹینا کے دنیا بھر میں موجود مداح اس خوف میں مبتلا تھے کہ کہیں یہ میسی کے کریئر کا ڈراؤنا اختتام تو نہیں ہے۔تاہم میسی نے کچھ دیر کے لیے اپنی رفتار کم کی اور پھر ایسا کھیل پیش کیا جس نے آرجنٹینا کو اس آغاز میں کچھ دیر کے لیے خاموش ہونے کے بعد میچ میں واپسی کا موقع دیا۔ اب آرجنٹینا اپنا تیسرا ورلڈکپ جیتنے کی تلاش میں ہے، اس سے قبل جنوبی امریکی ٹیم سنہ 1978 اور 1986 میں فتوحات حاصل کر رکھی ہیں۔خیال رہے کہ ٹورنامنٹ کے آغاز میں آرجنٹینا کو سعودی عرب سے اس ورلڈکپ کے سب سے بڑِ اپ سیٹ کا سامنا کرنا پڑا تھا
فٹبال ورلڈ کپ کے سب سے غیر متوقع سیمی فائنل، ہم یہاں تک کیسے پہنچے؟سنہ 1990 میں بھی آرجنٹینا کو ٹورنامنٹ کے آغاز میں کیمرون کے خلاف ایسی ہی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم وہ فائنل میں پہنچنے پر مغربی جرمنی کے ہاتھوں شکست کا شکار ہوئی تھی۔اب ان کے پاس ایک بار پھر ورلڈکپ جیتنے کا سنہری موقع ہے جو یقینی طور پر میسی کا آخری ٹورنامنٹ ثابت ہو گا۔یہ بلاشبہ آرجنٹینا کی اس ٹورنامنٹ میں سب سے بہترین کارکردگی تھی اور انھوں نے ایک ٹیلنٹڈ اور دفاعی اعتبار سے خاصی مضبوط کروشیا کو جو سنہ 2018 ورلڈکپ کی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی تھی باآسانی شکست سے دوچار کیا۔شاید یہ کہنا درست ہو گا کی مینیجر لیونل سکالونی نے ٹیم ٹھیک وقت پر ٹورنامنٹ میں اپنے عروج پر پہنچی ہے۔میسی اس پورے میچ میں مرکزی کردار ادا کرتے رہے لیکن ایلواریز نے آج دکھایا ہے کہ ان کے سامنے ایک روشن مستقبل ہے۔