کراچی (سپورٹس رپورٹر)گورنر سندھ کامران ٹیسوری سے پاکستان سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کے صدر محمد اقبال ہارپر،ممبر ایونٹ کمیٹی تنویر احمدنے ملاقات کی۔اس دوران صوبے میں کھیلوں کو گراس روٹ لیول سے فروغ دینے ، سکول ، کالج اور یونیورسٹی کی سطح پر کھیلوں کو فعال کرنے سمیت نئے سپورٹس انفراسٹریکچرکی تعمیر کے حوالے سے حکومتی اقدامات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے پاکستان سپورٹس جرنلسٹس فیڈریشن کی جانب سے کھیلوں ، کھلاڑیوں ، آرگنائزروں اور ٹیکنیکل آفیشلز کی بے لوث پروموشن کے جذبے کو سراہتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے یقین دلایا ہے کہ سندھ کو سپورٹس سٹی بنانے اور سپورٹس جرنلزم سے وابستہ صحافیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے وہ ہر ممکن اقدامات کریں گے۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح سندھ کے شہری بھی کھیلوں سے جنون کی حد تک لگاو ¿ رکھتے ہیں، باصلاحیت نوجوان دیگر شعبوں کی طرح کھیلوں کے شعبے میں پاکستان کانام روشن کر رہے ہیں اور مزید کرنے کا جنون رکھتے ہیں، صوبے میں کھیلوں کو فروغ دیکر نوجوان نسل کو معاشرے کا مفید شہری بنانا میرا مشن ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ نوجوان نسل کو اعلیٰ تعلیمی وظائف کیسا تھ کھیلوں کیلئے بھی بہترین انفراسٹریکچر فراہم کر رہے ہیں تاکہ ان کی بہترین ذہنی و جسمانی نشونما کو ممکن بنایا جا سکے،صوبے میں مختلف کھیلوں کی اکیڈیمیز، ای لائبریریز،جمنازیم، سوئمنگ پول کا قیام اورپلے فیلڈز کی اپ گریڈیشن کی جائے گی اور کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا،جبکہ کمیونٹی کی سطح پر کھیل کے میدانوں کی فراہمی بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اس ضمن میں مقامی لوگوں کی نشاندہی پر خالی میدانوں کو پلے گراﺅنڈز میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ بچے اپنا فارغ وقت غیر صحتمندانہ سرگرمیوں میں ضائع کرنے کی بجائے کھیل کے میدان میں گزاریں کیونکہ میں سمجھتا ہوں کھیل کے میدان آباد کرکے ہی ہسپتال ویران کیے جا سکتے ہیں۔