پیرس۔(اسپورٹس رپورٹر ):وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان اور مسز نبیلہ ثناء اللہ نے فرانس کی وزیر برائے کھیل اور اولمپک و پیرا اولمپک گیمز ایمیلی اوڈیا کاسٹیرا کی جانب سے سمر اولمپکس 2024 کی افتتاحی تقریب میں اپنے ممالک کی نمائندگی کرنے والے وزراء کے لئے استقبالیہ تقریب میں شرکت کی۔قبل ازیں مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ خان نے پاکستانی سفارت خانہ پیرس میں سمر اولمپکس 2024 میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کے لئے منعقدہ تقریب پذیرائی میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔
فرانس میں پاکستان کے سفارتخانہ کی ایکس پر پوسٹ کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں، میڈیا اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس تقریب میں شرکت کی اور پاکستانی اولمپک دستے کے ارکان ارشد ندیم ( نیزہ بازی)، جہان آرا نبی اور ایم احمد درانی (تیراکی) اور فائقہ ریاض (100 میڑ دوڑ) کے ساتھ گھل مل گئے، ان کی حوصلہ افزائی کی اور تصاویر بنائیں۔ تقریب کے پرجوش شرکاء نے پاکستان کے کھلاڑیوں کے لیے بھرپور حمایت اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تقریب میں فرانس میں پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد اور سفارتخانے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔