دمبولا۔(اسپورٹس ڈیسک )اے سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ میں پاکستان ویمنز نے متحدہ عرب امارات ویمنز کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی، یو اے ای کا 104 رنز کا آسان ہدف قومی ویمنز ٹیم نے بغیر کسی نقصان کے 14.1 اوورز میں حاصل کرلیا، گل فیروزہ اور منیبہ علی نے شاندار اوپننگ سنچری پارٹنر شپ قائم کی، گل فیروزہ کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ منگل کے روز دمبولا میں کھیلے گئے ویمنز ایشیا کپ کے 9ویں میچ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی کپتان ندا ڈار نے مسلسل تیسری مرتبہ ٹاس جیتا اور متحدہ عرب امارات کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 103 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکی۔ تھیرتھا ستیش نے پانچ چوکوں کی مدد سے 40 رنز سکور کئے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی دو وکٹیں 52 رنز پر گری تھیں لیکن پاکستان کی بائولرز کی عمدہ کارکردگی پر 46 رنز کے اضافے پر اس کی 6 وکٹیں گرگئیں۔سعدیہ اقبال، طوبٰی حسن اور نشرہ سندھو نے دو ،دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان ویمنز ٹیم نے 104 رنز کا آسان ہدف 14.1 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے ہدف پورا کرلیا۔پاکستان کی اننگز میں گل فیروزہ اور منیبہ علی نے پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا ، گل فیروزہ نے62 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئیں، ان کی اننگز میں 8 چوکے شامل تھے۔منیبہ علی نے 4 چوکوں کی مدد سے 37 رنز سکور کئے اور وہ بھی ناٹ آؤٹ رہیں ، ان دونوں کی107 رنز کی ناقابل شکست شراکت مکمل طور پر حریف بائولرز پر چھائی رہی۔ گل فیروزہ نے ایونٹ میں لگاتار دوسری نصف سنچری سکور کی ہے۔ نیپال کے خلاف بھی پاکستانی اوپننگ جوڑی نے سنچری اوپننگ پارٹنرشپ قائم کی تھی۔یہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کی دوسری کامیابی ہے، اس سے قبل اس نے نیپال کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم مسلسل تیسرا میچ ہاری ہے۔