پیرس۔: (نمائندہ خصوصی )سمر اولمپک گیمز، پیرس 2024 میں 9 دن باقی رہ گئے ۔پاکستان کے مایہ ناز نیزہ باز ارشد ندیم اولمپکس میں مادر وطن کا نام روشن کرنے کے لئے قوم کی امیدوں کا محور بنے ہوئےہیں۔فرانس میں پاکستانی سفارتخانہ کی ایکس پر پوسٹ میں کہا گیا کہ آئیے اپنے کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو بھرپور انداز میں منائیں اور دل کھول کر ان کی حمایت کریں۔ یاد رہے کہ ٹوکیو میں ہونے والے سمر اولمپکس 2020 میں ارشد ندیم نے ٹریک اینڈ فیلڈ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ بن کر تاریخ رقم کی تھی جبکہ 2022 کامن ویلتھ گیمز میں ارشد ندیم نے90.18 میٹر کی تھرو کے ساتھ قومی اور دولت مشترکہ کھیلوں کا ایک نیا ریکارڈ بنایا اور 90 کا ہندسہ عبور کرنے والے جنوبی ایشیا کے پہلے ایتھلیٹ بن گئے۔ 2023 میں وہ چاندی کا تمغہ جیت کر عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں تمغہ جیتنے والے پہلے پاکستانی ایتھلیٹ بن گئے۔ اولمپکس2024 پیرس میں 26 جولائی سے 11 اگست تک منعقد ہو رہے ہیں۔پاکستانی دستے میں ایتھلیٹکس میں ارشد ندیم (نیزہ بازی)، فائقہ ریاض (100 میٹر دوڑ)، تیراکی میں محمد احمد درانی (200 میٹر فری اسٹائل) ،جہاں آرا نبی( 200 میٹر فری سٹائل ) شوٹنگ میں غلام مصطفیٰ بشیر(25 میٹر ریپڈ فائر پستول ) گلفام جوزف (10 میٹر ایئر پسٹل، 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم) اور کشمالہ طلعت (10 میٹر ایئر پسٹل، 25 میٹر پسٹل، 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم) شامل ہیں۔ 26 جولائی کو افتتاحی تقریب میں ارشد ندیم اور جہاں آرا نبی پاکستان کے پرچم بردار ہوں گے۔