لاہور۔(اسپورٹس ڈیسک ):محمد حارث کو ڈارون میں ہونے والے محدود اوورز کے میچوں کے لیے پاکستان شاہینز کا کپتان مقررکر دیا گیا ہے۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق پاکستان شاہینز 4 سے 18 اگست تک ہونے والے اس دورے میں پچاس اوورز کے دو میچوں کے علاوہ 9 ٹیموں کی ٹاپ اینڈ نامی ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی حصہ لے گی۔ترجمان پی سی بی نے بتایاکہ محمد حارث نے آخری مرتبہ کولمبو میں منعقدہ اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیا کپ 2023 میں پاکستان شاہینز کی کپتانی کی تھی جس کے فائنل میں پاکستان شاہینز نے بھارت کو 128 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔پاکستان شاہینز پہلے ہی سے ڈارون میں موجود ہے جہاں اسے بنگلہ دیش اے کے خلاف دو چار روزہ میچ کھیلنے ہیں جو 19 سے 22 جولائی تک اور 26 سے 29 جولائی تک کھیلے جائیں گے۔اس کے علاوہ پاکستان شاہینز 50 اوور کے میچ ناردن ٹیریٹری (این ٹی) اور بنگلہ دیش اے کے خلاف بالترتیب 4 او6 اگست کو کھیلے گی۔پاکستان شاہینز 9 اگست سے شروع ہونے والی ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی حصہ لے گی جس میں شریک دیگر ٹیمیں اے سی ٹی کومیٹس، بنگلہ دیش اے، میلبورن رینیگیڈز، میلبورن سٹارز ، پرتھ سکارچرز، ناردرن ٹیریٹری سٹرائک، ایڈیلیڈ سٹرائیکرز اور تسمانیہ ہیں۔پاکستان شاہینز مسلسل دوسرے سال ڈارون میں ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کرے گی۔گزشتہ سال اسے فائنل میں این ٹی اسٹرائیک نے 46 رنز سے ہرایا تھا جبکہ پاکستان شاہینز نے ون ڈے میچز میں پاپوا نیوگنی کو224 رنز سے اور ناردن اسٹرائیک کو 84 رنز سے ہرایا تھا۔وائٹ بال کے میچز کے لیے ریڈ بال سائیڈ سے 7تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ عبد الفصیح ، عرفات منہاس، عارف یعقوب، جہانداد خان ، محمد حارث، محمد عمران جونیئر اور عثمان خان کو ٹیم میں کامران غلام ، خرم شہزاد ، مہران ممتاز، محمد علی، مبصرخان ، طیب طاہر اور عمر امین کی جگہ شامل کیا گیا ہے۔