اسلام آباد۔:پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر بسمہ معروف نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔32 سالہ بسمہ معروف نے 276 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی جو قومی ریکارڈ ہے۔ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں 6262 رنز بنائے اور 80 وکٹیں حاصل کیں۔بسمہ معروف نے کہا کہ بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ رہی ہوں جس سے مجھے بہت پیار ہے، کرکٹ کا یہ سفر یادگار رہا ہے اور یہ یادیں ہمیشہ ساتھ رہیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)، ساتھی کھلاڑیوں، فیملی اور پرستاروں نے ہر قدم پر میرا ساتھ دیا۔ دوسری جانب پاکستان ویمنز کرکٹ ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ ویمنز کرکٹ کے لیے بسمہ معروف کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ بسمہ معروف نے 18 سال پر محیط کیریئر میں 136 ایک روزہ اور 140 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ اگرچہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں سنچری درج کرنے میں ناکام رہی، لیکن وہ دونوں فارمیٹس میں پاکستان کے لیے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ رکھتی ہیں ۔بسمہ معروف نے ون ڈے کرکٹ میں 3369 رنز اور ٹی ٹونٹی میں 2893رنز بنائے اور انہوں نے سب سے زیادہ نصف سنچریاں بالترتیب 21 اور 12بھی سکور کیں۔انہوں نے 2006 میں 15 سال کی عمر میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا جس کے بعد بسمہ معروف نے 2016 میں ٹی ٹونٹی اور ایک سال بعد ایک روزہ کرکٹ میں قومی ٹیم کی کپتانی سنبھالی۔ انہوں نے 34 ون ڈے اور 62 ٹی ٹونٹی میچز میں ٹیم کی قیادت کی اور اپنی قیادت کے دوران انہوں نے بالترتیب 16 اور 27 میچ جیتے۔ بسمہ معروف نے اپنے پورے کیرئیر میں 8 ورلڈ کپ ٹورما،مٹس میں حصہ لیا ، اس کے علاوہ وہ اس ٹیم کا حصہ بھی تھیں جس نے 2010 اور 2014 میں ایشین گیمز میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔