راولپنڈی۔:(اسپورٹس ڈیسک )
پاکستان نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں نیوزی لینڈ کو بآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ، نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 90 رنز پر ڈھیر ہو گئی ، شاہین شاہ آفریدی نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 12.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ، محمد رضوان نے 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، شاہین شاہ آفریدی کو مرد میدان قرار دیا گیا ،ہفتہ کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو درست ثابت ہوا ، نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کے مضبوط بائولنگ اٹیک کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 18.1 اوورز میں 90 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ، مارک چیپمین 19 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے ،ٹم سیفرٹ 12 ، ٹم روبنسن 4 ، ڈین فوکس
کرافٹ 13 ، جیمز نیشم ایک ، کول میک کونچی 15 ، کپتان مائیکل بریسویل 4 ، ایش سودھی 8 ، بین سیئرز 3 اور بین لسٹر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے ، پاکستان کی طرف شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ محمد عامر ، ابرار احمد اور شاداب خان نے دو ، دو وکٹیں حاصل کیں ، جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 12.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد رضوان نے 45 رنز کی ناقابل شکست کھیلی جس میں ایک چھکا اور 4 چوکے شامل تھے ، عرفان خان نے ایک چھکے اور چوکے کی مدد سے 18 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے ، صائم ایوب 4 ، کپتان بابر اعظم 12 اور عثمان خان 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ،نیوزی لینڈ کی طرف سے بین لسٹر ، مائیکل بریسویل اور ایش سودھی نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی ، شاہین آفریدی پلیئر آف دی میچ قرار پائے ، واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹی 20 میچ (کل) بروز اتوار کو اسی میدان میں کھیلا جائے گا ۔