راولپنڈی۔:پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ کل( بروز ہفتہ )راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔ میچ شام ساڑھے سات بجے شروع ہو گا ، سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا ، پاکستانی ٹیم مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی ، سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد ، اعظم خان ، فخر زمان ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، محمد عباس آفریدی ، محمد رضوان ، محمد عامر ، محمد عرفان خان ، نسیم شاہ ، صائم ایوب ، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی ، اسامہ میر ، عثمان خان اور زمان خان شامل ہیں۔نیوزی لینڈ کی ٹیم کو مائیکل بریسویل لیڈ کریں گے ، دیگر کھلاڑیوں میں ٹام بلنڈل ، ٹم سیفرٹ ، فن ایلن ، مارک چیپمین ، جوش کلارکسن ، ڈین فوکس کرافٹ ، کول میک کونچی ، جیمز نیشم ، جیکب ڈفی ، بین لسٹر ، ولیم او روک ، بین سیئرز ، ایش سودھی ، ایڈم ملن ، زیکری فوکس اور ٹم روبنسن شامل ہیں ۔پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پلڑا بھاری ہے ، اعداد و شمار کے مطابق دونوں ٹیمیں اب تک 40 میچ کھیل چکی ہیں، 21 میں پاکستان فاتح رہا جبکہ 17 میچ نیوزی لینڈ نے جیتے، دو میچ بے نتیجہ رہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 21 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔ واضح رہے کہ سیریز کے آخری دو میچ بالترتیب 25 اور 27 اپریل کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے ۔