راولپنڈی۔(اسپورٹس ڈیسک):نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر مارک چیپمین نے کہا ہے کہ ٹیم میں سینئر کھلاڑیوں کی کمی ضرور محسوس ہو گی مگر امید کرتے ہیں کہ گزشتہ سال کی طرح یہ سیریز بھی دلچسپ ہو گی ،راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ہر کھلاڑی لیے بڑے فخر کی بات ہوتی ہے ، اسکواڈ میں شامل نئے کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں اور انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم مضبوط ہے اور اپنی کنڈیشنز میں بہت خطرناک ثابت ہوتی ہے ،محمد عامر کے بارے میں بات کرتے ہوئے مارک چیپمین نے کہا کہ وہ ایک کوالٹی باؤلر ہیں ، ان کی واپسی خوش آئند ہے، فاسٹ باؤلنگ کا ٹیلنٹ پاکستان کے پاس ہمیشہ ہوتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 18 اپریل کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔