لاہور(نمائندہ خصوصی )
۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ انٹرکالجیٹ رمضان ٹی ٹونٹ ٹورنامنٹ سے 15 باصلاحیت کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا گیا ہے،چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی، ٹیم کا اعلان 9اپریل کو ہوگا، عثمان خان قومی ٹیم کی سلیکشن کیلئے اہل ہیں اور وہ کھیلیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی سی بی کے زیر اہتمام لاہور میں انٹر کالجیٹ رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ کے فائنل میچ میں مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر کیا۔ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ کی آمد پر بورڈ حکام نے ان کا خیر مقدم کیا۔ محسن نقوی نے انٹر کالجیٹ رمضان ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم پنجاب کالج کو کپ اور 5 لاکھ روپے انعامی رقم کا چیک دیاجبکہ رنر اپ ٹیم گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کو کپ اور اڑھائی لاکھ روپے انعامی رقم کا چیک دیا گیا۔لاہور ریجن کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر خواجہ ندیم اور پی سی بی کے ڈومیسٹک کرکٹ کے جنید ضیا نے بھی ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے فاتح ٹیم پنجاب کالج کو ٹورنامنٹ جیتنے پر مبارکباد دی اور انٹر کالجیٹ رمضان ٹی ٹونٹی کپ میں حصہ لینے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں انٹرکالجیٹ رمضان ٹی ٹوئنٹی کپ ٹورنامنٹ کے تحت 63میچ ہوئے جن میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو آگے موقع دیا جائے گا،15کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے، اگلے 4ماہ کے دوران نچلی سطح پر 7000میچ کرائے جائیں گے جس سے نچلی سطح سے ٹیلنٹ سامنے آئے گا جبکہ خواتین کے ٹورنامنٹس بھی کرانے کا پلان بنایا گیا ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ خواتین کرکٹ کو بھی نچلی سطح پر فروغ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ انٹر کالج ٹورنامنٹ پہلا قدم ہے جس کا انعقاد ہم نے لاہور کراچی اور اسلام آباد میں کیا، آئندہ اس سے بھی بڑے لیول کا ٹورنامنٹ ہوگا آپ اس کی تیاری کریں،صرف میچز کرانا مقصد نہیں بلکہ ٹیلنٹ کو اگلے مرحلے تک لے جانا ہے۔ ایک سوال کے جوا میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کے کوچز کیلئے اشتہار دیا ہوا ہے، عید کے بعد اسے حتمی شکل دینگے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ عثمان خان قومی ٹیم کی سلیکشن کیلئے اہل ہیں اور وہ کھیلیں گے، نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان ٹیم کا اعلان 9 اپریل کو ہوگا، سلیکشن کمیٹی پریس کانفرنس میں قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا اعلان کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میرے لئے بچوں کے میچز اتنے ہی اہم ہیں جتنے قذافی سٹیڈیم کے میچز ۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی۔