لاہور ( اسپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے بابر اعظم کی تمام شرائط منظور کر کے ایک بار پھر قومی ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے واضح ہے کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور بابر کی گزشتہ روز ملاقات ہوئی ہے پی سی بی زرائع کے مطابق کنگ بابر کی تمام شرائط پر تفصیلی بحث کے بعد گرین سگنل دے دیا گیا ہے واضح رہے نئی سلیکشن کمیٹی نے قومی ٹیم کی قیادت کا تاج ایک بار پھر سابق کپتان بابر اعظم کے سر پر سجانے کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے اور جلد ہی باضابطہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کی قیادت کے لیے ان کے نام کا اعلان ہو جائے گا۔سابق کپتان بابر اعظم جنہوں نے گزشتہ سال ایشیا اور ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد قیادت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور پی سی بی نے ان کی جگہ ٹیسٹ میں شان مسعود اور ٹی ٹوئنٹی میں شاہین شاہ کو کپتان بنایا تھا تاہم شاہین شاہ پی سی بی کی توقعات پر پورا نہ اترے۔نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز میں چار ایک سے شکست کے بعد پی ایس ایل 9 میں شاہین شاہ کی قیادت میں لاہور قلندر کی ناقص پرفارمنس نے بھی ان کے کیس کو کمزور کیا۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلی آئی اور محسن نقوی کے چیئرمین بنتے ہی کپتان کے حوالے سے بیان نے شاہین کے مستقبل پرسوالیہ نشان لگا دیا۔ نئی سلیکشن کمیٹی بنی تو اس نے بھی قیادت کے لیے اپنا ووٹ بابر اعظم کے حق میں دیا۔ جس کے بعد ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز بابر اعظم کی پی سی بی چیئرمین محسن نقوی سے بھی ملاقات ہو چکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم آئندہ ماہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ہوم سیریز میں ایک بار پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کے قائد کے طور پر میدان میں اتریں گے جس کا جلد اعلان متوقع ہے۔واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کو تو صرف ایک سیرز میں ہی کپتانی کا موقع ملا جب کہ بابر اعظم نے لگ بھگ چار سال تک قومی ٹیم کی قیادت کی۔ اس دوران پاکستان نے 71 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جن میں 42 میں فتح ملی جب کہ 23 میں شکست ہوئی۔