لاہور( اسپورٹس رپورٹر/اسپورٹس ڈیسک )سابق کپتان بابر اعظم سے ملاقات کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی کی زیرِ صدارت رات گئے پی سی بی ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم میں اہم اجلاس ہوا۔ سلیکشن کمیٹی کے اراکین نے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان کے بارے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو سفارشات پیش کیں۔اس اہم اجلاس میں قومی مینز ٹیم کے کوچز سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، سلیکشن کمیٹی کے اراکین محمد یوسف، وہاب ریاض، عبدالرزاق، بلال افضل اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ بھی شریک ہوئے۔قبل ازیں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی بابر اعظم سے ملاقات ہوئی۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں بابر اعظم سے کپتانی سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔واضح رہے کہ اس سے قبل سلیکشن کمیٹی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان کے حوالے سے تجاویز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کو بھجوا دی تھیں ذرائع کے مطابق کپتان کے حوالے سے ذمے داری چیئرمین محسن نقوی نے سلیکشن کمیٹی کو دی تھی، سلیکشن کمیٹی نے کام مکمل کر کے تجاویز چیئرمین پی سی بی کو بھجوائیں۔ذرائع نے بتایا کہ کپتان کے لیے سابق کپتان بابر اعظم کا نام بھیجا گیا تھا۔