کراچی ( اسپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ 9 کے کوالیفائر میچ میں ملتان سلطانز نے پشاور زلمی کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 146 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز نے 147 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 18.3 اوورز میں حاصل کیا، سلطانز کی کامیابی میں یاسر خان نے اہم کردار ادا کرتے ہوئے 54 رنز بنائے، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 7 چوکے شامل تھے۔ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان خان نے 36 اور افتخار احمد نے 22 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کپتان محمد رضوان نے 15 رنز بنائے۔قبل ازیں پشاور زلمی کی جانب سے کپتان بابر اعظم 46 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام کوہلر کیڈمور 24، محمد حارث 24، رومین پاول 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ پال والٹر اور لیوک ووڈ 14، 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر اور کرس جورڈن نے دو، دو وکٹیں لیں جبکہ ڈیوڈ ویلے، محمد علی اور عباس آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ ایونٹ کے لیگ میچز میں ملتان سلطانز نے ٹاپ کیا جبکہ پشاور زلمی کی دوسری پوزیشن رہی۔واضح رہے کہ لیگ کے دونوں میچز میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو شکست دی تھی۔آج کا میچ ہارنے والی پشاور زلمی کے پاس فائنل تک رسائی کا ایک اور موقع موجود ہے، پشاور زلمی ایلیمنیٹر میچ کی فاتح ٹیم سے مقابلہ کرے گی۔پشاور زلمی کی ٹیم کپتان بابر اعظم، صائم ایوب، محمد حارث، ٹام کوہلر کیڈمور، حسیب اللّٰہ خان، رومین پاول، پال والٹر، عامر جمال، لیوک ووڈ، مہران ممتاز اور سلمان ارشاد پر مشتمل تھی۔ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، یاسر خان، عثمان خان، جانسن چارلس، افتخار احمد، خوشدل شاہ، کرس جورڈن، ڈیوڈ ویلے، اسامہ میر، عباس آفریدی اور محمد علی شامل تھے۔