اسلام آباد( اسپورٹس ڈیسک)ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میں انجری کا شکار ہونے والے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا اپینڈکس کا آپریشن ہوا ہے۔شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل میچ میں کیچ لیتے ہوئے انجری کا شکار ہوئے تھے اور پھر اپنا 4 اوورز کا کوٹا بھی مکمل نہ کر سکے تھے۔
شاہین شاہ آفریدی ان دنوں ری ہیب کے عمل سے گزر رہے ہیں اور پی سی بی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی بہت جلد صحت مند ہو کر دوبارہ گراؤنڈ میں نظر آئیں گے۔تاہم اب شاہین شاہ آفریدی کی جانب سے اپنی ایک تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ہے جس میں انہیں اسپتال کے بستر پر لیٹے دیکھا جا سکتا ہے۔قومی فاسٹ بولر نے تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا کہ میرا آج اپینڈکس کا آپریشن ہوا ہے تاہم اللہ کا شکر ہے اب خود کو بہتر محسوس کر رہا ہوں۔شاہین شاہ آفریدی نے اپنے چاہنے والوں سے دعاؤں کی درخواست کی پے دوسری جانب ذرائع کے مطابق آپریشن کے بعد ڈاکٹرز نے شاہین آفریدی کو چار ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے جس کے بعد ان کے گھٹنے کی انجری کا ری ہیب شروع ہوگا۔ شاہین شاہ آفریدی انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔شاہین شاہ آفریدی کےآئندہ سال اپریل میں سیلیکشن کیلئے دوبارہ دستیاب ہونے کے امکانات ہیں۔